آج مدارس و مساجد کو اسلام کے بجائے مسلک و مذہب کی ترویج واشاعت کا ذریعہ سمجھ لیا گیا ہے اختلافی مسائل کو اچھال کر دین کے علمی و تحقیقی مسائل اور مباحث کو سر بازار رسوا کیا جارہا ہے۔
نفرتوں ، عصبیتوں اور فرقہ پرستوں کے اس عمل نے امت کے وحدت کو پارہ پارہ کر کے رکھ دیا ہے اس زبوں حالی اور انتشار کی روح فرسا کیفیت کو دیکھتے ہوئے جمعیت طلبہ عربیہ امید کی کرن لگتی ہے۔
اتحاد کا علَم بلند کرنے کے لیے اور کرد باطل کو تہہ تیغ کرنے کے لیے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مدارس عربیہ کے تمام پر عزم نوجوانوں كو ایک پليٹ فارم مہیا کرتی ہے جو تمام تر مسلکی و فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر غلبه دین کے لیے کام کررہی ہے۔
دینی مدارس کے طلباء کیلئے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کسی بھی نعمت سے کم نہیں، اگر ہمیں پلیٹ فارم نہ ملتا تو خدا جانے ہم کس کی قصیدے گاتے، کسی کو کافر اور کس کو مسلمان ٹہراتے۔ مگر ایسا نہیں ہوا۔ اس آیت " انما المؤمنون اخوۃ" کے مصداق خالص اسلامی نصب العین کے لئے کام کرنی والی جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان سے ہمارا تعلق بنا۔ جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں اس لیے کہ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان اپنے نوجوانوں کو مستقبل کے عظیم اسلامی انقلااب کے لیے تیار کر رہی ہے تاکہ دینی مدارس کے یہ نوجوان آج ہی سے اپنے مقام اور مرتبہ کو پہچان لیں۔
اس لیے آئیے! ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں اخوت کی، حمیت کی، رواداری کی، اعتدال کی، ترکِ فرقہ واریت کی، ترکِ لسانیت و علاقائیت کی اور ترکِ شخصیت پرستی کی۔
آئیے! مجاہدین اسلام بھی آپ کو پکار رہے ہیں کہ ہمارے شانہ بشانہ چلیے، عزت اسی میں ہے۔ ورنہ باطل و طاغوت کی تلوار لٹک رہی ہے۔
محمد عباس شاہین
ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان